نئی دہلی/ جنیوا، 17 جون (یو این آئی) تجارت، صنعت اور امور صارفین اور خوراک اور عوامی تقسیم اور کپڑا وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ ہندوستان عالمی تجارتی تنظیم کی 12ویں وزارتی میٹنگ میں ’’سازگار نتائج‘‘ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے قائدانہ کردار کے ساتھ، جنیوا میں ہونے والی یہ کانفرنس ناکامی، ٹوٹ پھوٹ اور مایوسی کے بادلوں کو دور کرنے اور امید، جوش اور اتفاق کی بنیاد پر ایک نتیجہ تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے۔
جنیوا مذاکرات کے اختتام پر جمعہ کو نئی دہلی میں وزارت
تجارت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں جنیوا میں مسٹر گوئل کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امیر ممالک کی جانب سے غریب کسانوں اور ماہی گیروں کے مفادات کو نظر انداز کرنے کی مہم کے باوجود ہندستان نے کئی سالوں کے بعد ڈبلیو ٹی او کو سازگار نتیجہ حاصل کرنے میں کامیاب کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ ہندوستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی غریبوں کی فلاح و بہبود کی ترجیحات کو اس عالمی فورم کے مرکز میں رکھا ہے اور اپنے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، کسانوں اور ماہی گیروں کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہے۔