نئی دہلی،8 جولائی (یو این آئی) کابینی وزیر کے طورپر ترقی کے بعد مسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے آج پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کا چارج سنبھال لیا۔
پوری آج سہ پہر وزارت پٹرولیم پہنچے، جہاں رخصت پذیر دھرمیندر پردھان اور وزارت کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے مسٹر پردھان سے چارج سنبھالا۔
چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پوری نے کہا کہ ان کا مقصد قدرتی گیس کے
استعمال اور خام تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ کرکے توانائی کے معاملے میں ملک کو خود انحصاری کی طرف لے جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچاس ارب ڈالر کی معیشت کی طرف ملک کے سفر میں توانائی کی دستیابی اور کھپت کے طور طریقوں کی کافی اہمیت ہے۔ خودکفیل ہندستان کے ویزن کے طورپر میرا فوکس خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافہ پر ہوگا۔
ان کے ساتھ مسٹر رامیشور تیلی نے بھی پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیرمملکت کی حیپیت سے چارج سنبھالا۔