نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) انڈین فارمرس فرٹیلائزرکوآپریٹو لمیٹڈ (افکو) دنیا کی 300 بڑی کوآپریٹیو میں سرفہرست کوآپریٹو سوسائٹی بن گئی ہےیہ رینکنگ فی کس مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) پر کاروبار کے تناسب پر مبنی ہے اس سے ملک کی مجموعی گھریلو پیدوار اور معاشی ترقی میں افکو کے کردار کا پتہ چلتا ہے۔ بین الاقوامی کوآپریٹو الائنس (آئی سی اے) کی طرف سے شائع ہونے والے نویں سالانہ عالمی کوآپریٹو مانیٹر رپورٹ- 2020 کے مطابق اس درجہ بندی سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایک انٹرپرائز کے کاروبار کا ملکی معیشت میں کتنا حصہ ہوتا ہے۔ تقریبا 36000 رکن
کوآپریٹیو سوسائٹیوں اور تقریبا سات ارب ڈالر کے گروپ ٹرن اوور کےساتھ افکو دنیا کی سب سے بڑی کوآپریٹیو بن چکی ہے۔
مجموعی کاروبار کے لحاظ سے افکو گزشتہ مالی سال میں 125 ویں پوزیشن سے آگے بڑھ کر 65 ویں پوزیشن پر آگئی ہے۔
بین الاقوامی کوآپریٹو اتحاد الائنس ایسی تنظیم ہے جو دنیا بھر کی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہ 110 ممالک سے 315 سے زیادہ کوآپریٹو فیڈریشنوں اور تنظیموں کی نمائندگی کرتا ہے۔ کوآپریٹیو کے قیام اور ترقی کے لئے قانونی ماحول تیارکرنے کے لئے آئی سی اے عالمی اور علاقائی حکومتوں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔