نئی دہلی‘ 16 ستمبر (ایجنسی) صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر پیوش گو ئل نے ایکسپورٹروں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے آج کہا کہ حکومت انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے نظم کو تیزی سے ڈیجیٹل بنارہی ہے اور اسے شفاف بنایا جارہا ہے۔
مسٹر گوئل نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مندی کا اثر دکھائی دے رہا ہے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے حکومت ایکسپورٹروں اور صنعتوں کو ہر ممکن تعاون دینے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے اس
سلسلے میں اتوار کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی پریس کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لئے ان کی وزارت تمام قدم اٹھائے گی۔
مسٹر گوئل نے اس موقع پر حقوق املاک دانش رجسٹریشن ایپ‘ اسٹیل مارکیٹ نگرانی ایپ اور ایکسپورٹ قرض بیمہ ایپ بھی لانچ کیا۔اور کہا کہ ان سے کاروبار میں سہولت ہوگی اور کاروباریوں کا وقت اور پیسہ بچے گا۔
اس موقع پر صنعت و تجارت کے وزیر مملکت ہردیپ سنگھ پوری‘ سکریٹری انوپ وادھوان اور وزارت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔