نئی دہلی، 7مارچ (یو این آئی) اہم اپوزیشن جماعت کانگریس نے یس بینک معاملہ کی تفصیلی جانچ کراکر ذمہ داری طے کرنے کی آج مانگ کی اور کہاکہ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ اکاونٹ ہولڈروں کو انکی ایک ایک پائی واپس ملے۔
سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مارچ 2014میں یس بینک کا مجموعی بقایہ قرض 55,633کروڑ روپے تھا جو مودی حکومت کی پہلی مدت کار مارچ 2019تک بڑھ کر
2,41,499کروڑ روپے پر پہنچ گیا۔ اس دوران دیگر بینکوں کا بقایہ قرض اوسط 9فیصد کی سالانہ رفتار سے بڑھ رہا تھا جبکہ یس بینک کا بقایہ قرض 35فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھا۔
انہوں نے کہاکہ بینکوں کی بیلنس شیٹ کی تفصیلات ریزرو بینک آف انڈیا اور وزارت خزانہ کے پاس بھی جاتی ہے۔ یہ حیرت کی بات ہے کہ اس کے باوجود نہ تو حکومت نے اور نہ ہی ریزرو بینک نے اس بات پر توجہ دی کہ یس بینک کا بقایہ قرض غیرمعمولی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔ یہ میری سمجھ سے پرے ہے۔