ممبئی، 15 جولائی (یو این آئي) ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے بدھ کے روز گوگل کے ساتھ سستے 4 جی اور 5 جی اینڈرائڈ موبائل فون بنانے کا اعلان کیا۔
مسٹر مکیش امبانی نے آج ریلائنس کی 43 ویں سالانہ عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گوگل جیو پلیٹ فارم میں ایک اسٹریٹجک شراکت دار ہوگی اور 7.7 فیصد شیئر کے لئے 33737 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ مسٹر امبانی نے کہا کہ یہ دونوں کمپنیاں ایک آپریشنل میکانزم تشکیل دیں گی، جو انٹری لیول کے 4 جی اور 5 جی
اسمارٹ فون کے لئے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 5 جی ٹیکنالوجی کا استعمال اگلے سال تک شروع ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ 2 جی فون استعمال کرنے والے 35 کروڑ ہندوستانیوں کو سستے اسمارٹ فون فراہم کریں۔
کورونا کی وبا کے دور میں آر آئي ایل کے پہلے ورچوئل اے جی ایم میں فیس بک کے چیف مارک زوکربرگ اور گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے بھی ویڈیو پیغامات کے ذریعہ شرکت کی۔
مسٹر مکیش امبانی نے کہا کہ جیسے ہی 5 جی اسپیکٹرم دستیاب ہوگا، اس کا ٹرائل کرکے اگلے سال تک اس کو میدان اتارنے کی تیاری کی جاسکتی ہے۔