نئی دہلی 11 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت میں شدیدکمی آئی ہے لہذا حکومت کو اس کا فائدہ ملک کے عوام کو ملنا چاہئے ۔ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتیں 40 فیصد کم ہونی چاہیئیں۔
کانگریس کے میڈیاسیل کے انچارج رنديپ سنگھ سرجےوالا نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں جس طرح کی کمی آئی ہے۔ اسی کے پیش نظر ہونےو الی پیٹرولیم اشیاء کی قیمتیں کم کرکے نومبر 2004 کی سطح پر لانا چاہئے۔
اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل 38.9 ڈالر فی بیرل تھا۔ فی الحال خام تیل کی قیمتیں گزشتہ 16 سال میں سب سے کم 35 سے 38 ڈالر فی بیرل پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں محض دو روپے 69 پیسے اور دو روپے 33 پیسے کی تخفیف کر رہی ہے۔ یہ موجودہ حالات میں ناکافی ہے اور اونٹ کے منہ میں زیرے کی طرح ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس وقت خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی آئی ہے جس کے مطابق پٹرول -ڈيزل اور رسوئی گیس کی شرحیں 35 سے 40 فیصد کم کی جانی چاہیئیں۔