ممبئی، 7 مئی (یو این آئی) ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل چوتھے ہفتے اضافے کے ساتھ 588 ارب ڈالر کے پار پہنچ گیا ریزرو بینک آف انڈیا کی طرف سے آج جار ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 3.91 ارب ڈالر کے اضافے سے 588.02 ارب ڈالر ہوگئے جو تین ماہ کی بلند ترین سطح ہے اس سے قبل 23 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں یہ 1.70 ارب ڈالر اضافے سے 584.11 ارب
ڈالر تک پہنچے تھے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ 30 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو غیر ملکی کرنسی کے اثاثے 4.41 ارب ڈالر کے اضافے سے 546.06 ارب ڈالر ہوگئے۔ تاہم، سونے کے ذخائر 50 کروڑ ڈالر گھٹ کر 35.46 ارب ڈالر پر آگئے۔
دریں اثناء ، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ذخائر 20 لاکھ ڈالر اضافے سے 4.99 ارب ڈالر اور خصوصی کریڈٹ حقوق 30 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 1.51 ارب ڈالر ہوگئے۔