نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) بہار کے دربھنگہ ہوائی اڈے سے آئندہ 8 نومبر سے دہلی ، ممبئی اور بنگلور کے لئے پروازیں شروع ہوں گی۔
سستی ایئرلائن کمپنی اسپائس جیٹ ان راستوں پر پرواز شروع کرے گی۔ ٹکٹ کی بکنگ شروع ہوگئی ہے۔ حکومت کی علاقائی رابطہ اسکیم 'اڑان' کے تحت ایئر لائنز کے لئے ان راستوں کو مختص کیا گیا تھا۔
اسپائس جیٹ نے آج کہا کہ تمام راستوں پر ایک طرف کا کرایہ 3،799 روپے سے شروع ہوگا جس میں تمام ٹیکس اور
فیس شامل ہوں گی۔ دربھنگہ 55 ویں گھریلو منزل ہے جو ایئر لائن کے نیٹ ورک میں شامل ہوئی ہے۔ ان راستوں پر بوئنگ 737-800 طیارے چلائے جائیں گے۔
دربھنگہ بہار کا پانچواں سب سے بڑا شہر اور متھلانچل خطے کا مرکز ہے۔ یہاں سے پرواز شروع کرنے سے مظفر پور ، مدھوبانی ، سمستی پور ، سیتا مڑھی ، چمپارن ، سہارسہ اور پورنیہ اضلاع کے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا جو اب بھی ہوائی سفر کے لئے پٹنہ جانا پڑتا ہے۔ نیپال سے رابطہ یہاں سے بھی آسان ہوجائے گا۔