ممبئی ، 15 مارچ (یو این آئی) عالمی مارکیٹ میں آئی گراوٹ کے ساتھ گھریلو سطح پر دھاتوں، تیل اور گیس، آئی ٹی، ٹیک، پاور اور توانائی جیسے گروپوں میں فروخت کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں چار دن کی تیزی کے بعد آج بریک لگ گیا اور سینسیکس اور نفٹی میں تقریباً 1.25 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ۔
بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 709.17 پوائنٹس گر کر 55776.85 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 208.30 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 16663 پوائنٹس پررہا ۔ بڑی کمپنیوں کے مقابلے چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں میں فروخت کا دباؤ کم تھا جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ 0.68 فیصد گر کر 23154.92 پوائنٹس
اور سمال کیپ 0.88 فیصد گر کر 26987.85 پوائنٹس پر رہا ۔ بی ایس ای میں آٹو گروپ میں 0.56 فیصد اضافہ کو چھوڑ کربقیہ تمام گروپ گراوٹ میں رہے، جس میں میٹل 4.34 فیصد ، آئل اینڈ گیس 2.58 فیصد، آئی ٹی 2.32 فیصد، ٹیک 2.07 فیصد، پاور 1.55 فیصد اور انرجی 2.41 فیصد ہے ۔ بی ایس ای پر کل 3488 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 2045 خسارے میں اور 1342 منافع میں رہیں جبکہ 101 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ عالمی سطح پر جاپان کے نکیئی کے 0.15 فیصد کے اضافے کو چھوڑ کر دیگر تمام اہم انڈیکس سرخ رنگ میں رہے، اس میں ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 5.72 فیصد، چین کا شنگھائی کمپوزٹ 4.95 فیصد، جرمنی کا ڈیکس 1.71 فیصد اور برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 1.70 فیصد رہا ۔