نئی دہلی ، 12 مارچ (یو این آئی) ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف او) بورڈ نے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کھاتوں میں جمع رقم پر 2021-22 کے لیے سود کی شرح کم کرکے 8.1 فیصد کرنے کی تجویز کو منظوری دی ہے ۔ یہ شرح ڈیڑھ دہائی کی سب سے کم شرح ہے۔
مرکزی وزیر برائے لیبر بھوپیندر یادو کی صدارت میں ای پی ایف او کے سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز کی گوہاٹی میں ہفتہ کو ہوئی میٹنگ کے بعد بورڈ کے ایک رکن نے یواین آئی سے فون پر کہا
’’ بورڈ نے ای پی ایف پر سود اس بار 8.1 پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘۔
گزشتہ مالی برس 2020-21 میں ای پی ایف پر شرح سود 8.5 فیصد تھی ۔ پراویڈنٹ فنڈ پر شرح سود کم ہونے سے اس اسکیم سے وابستہ چھ کروڑ سے زیادہ شیئر ہولڈروں کے مفادات متاثر ہوں گے۔ ای پی ایف نے 2019-20 سے اس اسکیم میں شرح سود 8.5 فیصد شرح رکھی تھی ۔ سنہ 2015-16 میں شرح سود 8.8 فیصد تھی ، اسے 2016-17 میں 8.65 فیصد، 2017-18 میں 8.55 فیصد، 2018-19 میں 8.65 فیصد پر رکھی گئی تھی ۔