نئی دہلی، 29 اگست (یو این آئي) مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت کھولے گيے بینک کھاتوں کو انقلاب کے مترادف قرار دیتے ہوئے ہفتہ کے روز کہا کہ مودی حکومت کے دور میں 100 میں سے 100 روپے عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
مودی حکومت نے 28 اگست 2014 کو یہ اہم اسکیم بینکوں تک ان لوگوں کی رسائی کے لئے شروع کی تھی جن کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں تھے اور اس اسکیم کے تحت گزشتہ چھ برسوں میں 40.35 کروڑ
اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں۔
مسٹر جاوڈیکر نے آج کہا کہ "جن دھن اکاؤنٹ کھولنا کسی انقلاب سے کم نہیں ہے۔ گزشتہ چھ برسوں میں، 40 کروڑ بینک کھاتے کھولے گیے ہیں۔ جہاں کانگریس کے وزیر اعظم کہا کرتے تھے کہ 100 روپے حکومت دیتی ہے، لیکن ان میں سے صرف 15 روپے عوام تک پہنچتے ہیں۔ جبکہ مودی حکومت 100 میں سے 100 روپے براہ راست عوام کو فراہم کرتی ہے"۔
اس اسکیم کے تحت کھولے گیے کل کھاتوں میں سے 63.6 فیصد دیہی اور 36.4 شہری علاقوں میں ہیں۔