نئی دہلی، 04 مئی (یواین آئی) مائیکرو ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی بازاروں میں مقام حاصل کرنے کے لئے ہندوستانی صنعتوں کو کوالیٹی کے ساتھ سمجھوتہ کئے بغیر مال کے نقل وحمل، سرمایہ، بجلی اور پیداواری لاگت کم کرنے پر زوردینا چاہئے۔
مسٹر گڈکری نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ درجہ ذیل ذات وقبائل کے کاروباریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو صنعتوں کو غیر ملکی درآمدات کی جگہ لینے کے لئے کوالیٹی کے ساتھ ساتھ برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کو
علم کو املاک میں بدلنے کے لئے نئے خیالات،ملکیت، سائنس وٹکنالوجی، تحقیق ومہارت اور تجربوں پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی بازاروں میں جگہ بنانے کے لئے ہندوستانی صنعتوں کو کوالیٹی کے ساتھ سمجھوتہ کئے بغیر لاجسٹک لاگت، سرمایہ، بجلی اور پیداواری لاگت کو کم کرنا چاہئے۔
مرکزی وزیر نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت نے چین سے جاپانی سرمایہ واپس کرنے اور اسے دیگر جگہ لگانے کے لئے اپنی صنعتوں کوخصوصی پیکج دینے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کے لئے یہ ایک موقع ہے جس کا فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔