دہلی، 23 مارچ (یو این آئی) کورونا وائرس ’کووِڈ-19‘کو پھیلنے سے روکنے کی غرض سے حکومت نے کل نصف شب سے تمام گھریلو پروازوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں بین الاقوامی پروازیں پہلے سے ہی بند ہیں۔
شہری ہوابازی کی وزارت نے پیر کے روز بتایا کہ منگل کی رات 11:59 بجے سے ملک میں گھریلو پروازوں کا آپریشن نہیں کیا جا سکے گا۔ حالانکہ مال بردار طیاروں کا آپریشن جاری رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوششوں کے تحت دہلی اور کچھ دیگر ریاستوں کی
حکومتوں نے طیاروں کی لینڈنگ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کو ریاست میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے وقت طیاروں کی لینڈنگ پر بھی پابندی لگانے کا اعلان کر دیا تھا لیکن بعد ازاں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھریلوں پروازوں کا آپریشن جاری رہے گا۔
ملک میں تمام مسافر ٹرینوں، میٹرو ٹرینوں اور بین الاقوامی نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کے آپریشن پر پہلے سے ہی 31 مارچ تک کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔