نئی دہلی، 10 نومبر (یو این آئی) مرکزی حکومت نے کپاس کے کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت کی اسکیم کا فائدہ دلانے کے لیے کاٹن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کو ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے قیمتوں میں مدد فراہم کرنے کی اسکیم کے تحت 17408 کروڑ روپے کی تجویز کو منظوری دی۔ یہ رقم سی سی آئی کو اعلان شدہ کم از کم قیمت پر کپاس کے سیزن 2014-15 سے 2020-21 کے دوران خریداری میں ہونے والے نقصان کی تلافی کے لیے دی جا رہی ہے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے
اقتصادی امور (CCEA) کے اس فیصلے کے بارے میں اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ای اے نے امدادی قیمت کے لیے کاٹن کمیشن کو 17408 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ کپاس کی مارکیٹنگ کا سیزن اکتوبر سے شروع ہوتا ہے اور ستمبر تک جاری رہتا ہے۔
حکومت کسانوں کو کپاس کی قیمتوں میں خسارےسے بچانے کے لیے سی سی آئی کے ذریعے پرائس سپورٹ اسکیم نافذ کرتی ہے۔ حکومت کے مطابق سال 2020-21 میں کپاس کی کاشت کا رقبہ 1.33 ہیکٹر تھا اور کپاس کی کل 36 ملین گانٹھیں پیدا ہوئیں۔ ہندوستان دنیا کی کپاس کی پیداوار میں تقریباً ایک چوتھائی حصہ فراہم کرتا ہے۔