نئی دہلی، 12ستمبر (یو این آئی) بیرون ملک سے آنے والے مسافر جنہیں آگے دوسری گھریلو فلائٹ لینی ہے، وہ اب دہلی ہوائی اڈہ پر اپنی کورونا جانچ کراسکیں گے۔
ہوائی اڈ ہ کا آپریشن کرنے والی کمپنی دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ(ڈائل) نے آج بتایا کہ ہوائی اڈہ پر کووڈ۔19جانچ لیباریٹری بناکر تیار ہوچکی ہے اور اب بیرون ملک سے آنے والے مسافر اس میں جانچ کراسکتے ہیں۔ یہ لیباریٹری ہوائی اڈہ پر بین الاقوامی ٹرمنل کی ملٹی لیول کار پارکنگ میں 3500مربع میٹر میں ہے اور
اسے جین اسٹرنگس ڈائگنوسٹک سنٹر کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے۔ یہاں چار سے چھ گھنٹے میں جانچ کا نتیجہ کا آجائے گا۔
ڈائل نے بتایا کہ بین الاقوامی مسافر پہلے آن لائن بکنگ کرکے جانچ کے لئے وقت لے سکتے ہیں یا ہوائی اڈہ پر اترنے کے بعد سیدھے لیباریٹری میں جاکر جانچ کراسکتے ہیں جنہوں نے پہلے سے بکنگ کرائی ہے ان کی پرواز میں تاخیر ہونے پر بعد میں وقت میں تبدیلی کا متبادل بھی ہے۔ آن لائن درخواست کے لئے مسافروں کو اپنے شناختی کارڈ اور رابطہ کی تفصیلات وغیرہ دینی ہوں گی۔