ذرائع:
نئی دہلی: نومبر کے مہینے کا آج سے آغازہوچکا ہے اور دیوالی سے پہلے پہلے ہی کروا چوتھ کے تہوار پر ایل پی جی سلنڈروں پر مہنگائی کا بم پھٹ گیا ہے۔ درحقیقت پٹرولیم کمپنیوں نے ایک بار پھر کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے۔ یکم نومبر 2023 سے 19 کلو کا ایل پی جی گیس سلنڈر 100 روپئے سے زیادہ مہنگا ہو گیا ہے۔ تاہم 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ آئی اوسی ایل کی ویب سائٹ کے مطابق، آج سے دارالحکومت دہلی میں 19 کلو کا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 1,833 روپئے میں دستیاب ہوگا، جو پہلے 1731 روپئے میں دستیاب تھا۔ دیگر میٹروز کی بات کریں تو
ممبئی میں اس کی قیمت بڑھ کر 1785.50 روپئے ہو گئی ہے جو پہلے 1684 روپے تھی۔ وہیں کولکتہ میں اسے 1839.50 روپئے کے بجائے 1943.00 روپئے میں فروخت کیا جائے گا، جب کہ چنئی میں اس کی قیمت 1999.50 روپئے ہو گئی ہے، جو اب تک 1898 روپئے تھی۔
ایک طرف حکومت نے گزشتہ ماہ 14 کلو کے ایل پی جی سلنڈر پر ریلیف دیا تو دوسری جانب پٹرولیم کمپنیوں نے ایک ماہ میں کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 300 روپے سے زائد اضافہ کر کے مہنگائی کا بم پھوڑ دیا ہے۔ یکم اکتوبر کو کمرشل سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 209 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا اور ایک ماہ بعد یکم نومبر کو اس میں مزید اضافہ کیا گیا تھا۔ کولکتہ میں سلنڈر کی قیمت میں سب سے زیادہ 103.50 روپئے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔