نئی دہلی، 19 مارچ (یو این آئی) بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کے وزیر نتن گڈکری نے جمعرات کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ چھوٹی صنعتوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے کھادی اور گرام ادیوگ میں بنیادی تبدیلیاں کی جائیں گی جس سے چھوٹے کاروباریوں کی مصنوعات کو بین الاقوامی اور گھریلو بازار میں جگہ بنانے میں مدد ملے
گی۔
مسٹر گڈکری نے ایوان میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی (ایم ایس ایم ای) وزارت کی سرگرمیوں پر تقریباً پانچ گھنٹے تک چلی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کھادی اور گرام ادیوگ میں بنیادی تبدیلیوں کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
اس کے لئے ایم ایس ایم ای کے سکریٹری کی صدارت میں ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تین مہینے میں اپنی رپورٹ دے گی۔