پنے‘ 7مارچ(یو این آئی)اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے دوملیالی چینلوں پرپابندی عائد کیے جانے کے واقعہ پر کہا ہے کہ مودی حکومت میڈیا کی آزادی کے تئیں اپنے عہد کی پابند ہے اور اس نے یہ پابندی فوراً ہٹالیا ہے اور اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
مسٹر جاوڈیکر نے آج یہاں ایک اسپتال میں جن اوشدھی کیندر پر منعقد پروگرام سے خطاب کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا”ایمرجنسی کے دوران اس وقت کی حکومت نے سنسرشپ عائد کردی تھی اور ہم نے اس دوران اس کی مخالفت کی تھی اور میں خود سولہ ماہ جیل میں رہا تھا او رکئی دیگر افراد بھی پندرہ‘اٹھارہ یا بیس ماہ جیل میں رہے تھے۔مودی حکومت میڈیا کی آزادی کے تئیں پوری طرح عہد کی پابند ہے۔“
انہوں نے کہا ’کیرل کے دو چینلوں کو 48گھنٹے کے لیے بند کرنے کا حکم اطلاعات و نشریات کی وزارت نے جاری کیا تھا۔ ان چینلوں
نے کچھ ایسے الفاظ استعمال کیے تھے جو متنازع تھے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان دونوں چینلوں کی براڈکاسٹنگ پھر سے شرو ع کردی گئی ہے۔“
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس معاملے پر تشویش کااظہار کیا ہے اور تفصیلات معلوم کی ہیں۔ مسٹر جاوڈیکر نے کہا ’ہم اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں کہ کن افسران کے کہنے پر یہ پابندی عائد کی گئی۔“
انہوں نے یقین دلایا کہ مودی حکومت میڈیا میں اظہار رائے کی آزادی کے سلسلے میں اپنے عہد پر قائم ہے لیکن یہ آزادی ذمہ داری کے ساتھ استعمال کی جانی چاہئے۔ مسٹر جاوڈیکر نے کہا ”میں دہلی جاکر اس پورے معاملے کو دیکھوں گا اور ضروری ہدایت دوں گا۔“
خیال رہے کہ ان دونوں چینلوں پر کل شام ساڑھے سات بجے سے لے کر آٹھ مار چ کی شام سات بجے تک کے لیے پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جس پر صحافیوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔