نئی دہلی، 12 نومبر (یو این آئی) مودی حکومت نے کورونا بحران کے سبب پٹری سے اتری معیشت کو دوبارہ رفتار دینے کے آج ’آتم نربھر 3.0 پیکج‘ کا اعلان کیا اور کورونا کے وقت جن کی نوکری چلی گئی تھی ان کے لیے ’بھارت روزگار منصوبے‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے یہاں پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نئے پیکج میں 12 منصوبوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اعداد و شمار معیشت میں بہتری کے اشارے دے رہے ہیں۔ اکتوبر میں جی ایس ٹی محصولات 1.05 لاکھ کروڑ
روپیے تک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ’آتم نربھر بھارت 3.0‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ ’آتم نربھر بھارت روزگار یوجنا‘ کی شروعات کی گئی تاکہ نئے روزگار پیدا ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بھی تیسری سہ ماہی میں ہی معیشت کے مثبت رفتار پکڑنے کے اشارے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیئر بازار ریکارڈ سطح پر ہے۔ ایف پی آئی کی سرمایہ کاری بھی مثبت رہی ہے۔ زر مبادلہ بھی 560 ارب ڈالر کے ریکارڈ پر پہنچ گیا ہے۔ ریلوے میں مال ڈھلائی میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں بینک قرض تقسیم میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔