نئی دہلی، 24 فروری (یو این آئی) حکومت نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ہارڈ ویئر کے مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے 7350 کروڑ روپیے کے پروڈکشن پر مبنی ’پروتساہن یوجنا‘ (حوصلہ افزائی کا منصوبہ) کو منظوری دی ہے جس میں لیپ ٹاپ، ٹیب لیٹ اور آل اِن وَن پرسنل کمپیوٹر‘ اور سرور پر زور ہوگا۔
وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز یہاں کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد
الیکٹرونکس اور آئی ٹی کے وزیر روی شنکر پرساد نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت کا ارادہ ملک میں گھریلو سطح پر آئی ٹی ہارڈ ویئر کا پروڈکشن بڑھانا اور اس کے ایکسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ چار برسوں میں متعلقہ صنعتوں کو 7350 کروڑ روپیے کی رقم حوصلہ افزائی کے بطور دے گی۔
اس سے اس شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے اور بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ منصوبہ کی بنیاد سنہ 2019-2020 ہوگی۔