امرتسر، 18 مارچ (یو این آئی) امرتسر کے گرو رام داس انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے پروازوں اور مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور 19 مارچ سے یہ ہوائی اڈہ آٹھ بین الاقوامی اور 13 گھریلو ہوائی اڈوں کے ساتھ براہ راست جڑ جائے گا۔
فلائی امرتسر پہل کے گلوبل کنوینر اور امرتسر وکاس منچ کے سکریٹری خارجہ سمیپ سنگھ نے جمعرات کے روز
کہا ہے کہ ہوائی اڈے سے پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے آئندہ مہینے 400 ویں پرکاش تہوار کی تقریبات میں مہمانوں کا پہنچنا بہت آسان ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب امرتسر کا ہوائی اڈہ ایئر انڈیا کے ذریعہ لندن، برمنگھم ، روم اور دیگر پرائیویٹ ایئر لائنوں کے ذریعہ متحدہ عرب امارات کے تین ہوائی اڈے سے براہ راست منسلک ہواہے۔