نئی دہلی، 19 اپریل (یو این آئی) شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کی مداخلت کے بعد سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا نے ہوائی ٹکٹوں کی بکنگ فی الحال بند کردی ہے جبکہ پرائیویٹ طیارہ خدمات کمپنیوں نے ان کے مشورہ کو ںظر انداز کرتے ہوئے بکنگ جاری رکھی ہیں۔
ایئر انڈیا نے سنیچر کے روز چنندہ راستوں کے لئے بکنگ شروع کی تھی۔ گھریلو راستوں پر اس نے 4 مئی سے اور بین الاقوامی سفر کے لئے یکم جون سے بکنگ شروع کی تھی۔
مسٹر پوری نے کل دیر رات ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ حکومت نے ابھی پروازیں شروع کرنے کے
وقت کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے اور اس لئے سبھی ایئر لائنس کو فی الحال بکنگ نہ کرنے کی صلاح دی تھی۔ واضح رہے کہ 3 مئی تک پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے۔ اسے آگے بڑھانے یا نہ بڑھانے کے بارے میں حکومت بعد میں فیصلہ کرے گی۔
وزیر موصوف کے ٹوئٹ کے پیش نظر ایئر انڈیا نے بکنگ بند کردی ہے۔ اس کی ویب سائٹ پر اگرچہ پروازوں کے متبادل اب بھی دستیاب ہیں اور ساری تفصیلات داخل کرنے کے بعد ادائیگی کے وقت وہاں ’’گاہک کی جانب سے منتخب کی گئ سیٹ اب دستیاب نہیں ہے‘‘ لکھا آتا ہے۔ وہیں پرائیویٹ طیارہ خدمات کمپنی اب بھی بکنگ کررہی ہیں۔