نئی دہلی، 15 جون (یو این آئی) ملک میں پانچویں نسل کی ٹیلی کام خدمات شروع کرنے کے مقصد کے ساتھ ڈریم اور کافی عرصے سے منتظر 5جی اسپیکٹرم کو نیلام کرنے کی حکومت کی منظوری کے ساتھ نیلامی 26 جولائی 2022 سے شروع کی جائے گی اور اس کے لیے محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کا نوٹس بھی آج ہی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج ہونے والی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ 5جی سروسز 4جی سروس سے 10 گنا تیز کام کریں گی اور 72 گیگا ہرٹز اسپیکٹرم اگلے 20 سالوں کے لیے نیلام کیے جائیں گے۔ اس میں ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی
کمپنیوں کی لاگت کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کامیاب بولی دہندگان کو 5جی اسپیکٹرم الاٹ کیا جائے گا تاکہ وہ عام لوگوں اور مختلف اداروں کی خدمت کر سکیں۔
ڈیجیٹل انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا، میک ان انڈیا وغیرہ جیسے پروگراموں کے ذریعے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی حکومت کی اہم پالیسی اقدامات کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ براڈ بینڈ، خاص طور پر موبائل براڈ بینڈ، شہریوں کی روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ اسے 2015 سے پورے ملک میں 4جی خدمات کی تیزی سے توسیع کے ذریعے ایک بڑا فروغ ملا ہے۔ آج 800 ملین صارفین کو براڈ بینڈ تک رسائی حاصل ہے، جبکہ 2014 میں یہ تعداد 100 ملین تھی۔