ممبئی 4 جون (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو واضح اکثریت نہ ملنے کے رجحانات سے مایوس سرمایہ کاروں کی فروخت سے آج اسٹاک مارکیٹ میں بھونچال آگیا اور سینسیکس و نفٹی میں تقریباً چھ فیصد کی گراوٹ درج کی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے 31 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ڈوب گئے۔
عام انتخابات کے ایگزٹ پول میں مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیمو کریٹک
الائنس (این ڈی اے) کو تقریباً 400 سیٹیں ملنے کے بارے میں کہا گیا تھا، لیکن ووٹوں کی گنتی میں بی جے پی کو 244 اور این ڈی اے کو 300 کے قریب سیٹیں ملنے کے رجحان سے سرمایہ کار مویوس ہو گئے اور زبردست فروخت ہوئی جس سے مارکیٹ میں بھونچال آگیا۔
بی ایس ای کا 30 حصص پر مبنی حساس انڈیکس سینسیکس 4389.73 پوائنٹس گر کر 72079.05 پوائنٹس پر اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 1379.40 پوائنٹس گر کر 21884.50 پوائنٹس پر آگیا۔