حیدرآباد/30مئی(ایجنسی) تنخواہوں کے مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر دو روزہ بینک ملازمین کی ملک گیر ہڑتال کا آغاز ہوا ۔ اس میں عوامی شعبہ کے بینکوں ، پرائیویٹ شعبہ کے بینکوں اور بیرونی بینکوں کے ملازمین اور افسر حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد تقریباً 10لاکھ ہے۔
یونائیٹیڈ فورم آف بینک یونینس تلنگانہ و آندھراپردیش اسٹیٹ یونٹس کے کنوینر وی وی ایس آر شرما نے بتایا کہ بینک ملازمین اور افسروں کے مطالبات کی یکسوئی میں تاخیر کے خلاف بطور احتجاج یہ دو روزہ
ہڑتال کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مطالبات کی یکسوئی میں انڈین بینک ایسوسی ایشنوں کی غیرضروری تاخیر کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بینک ملازمین اورافسروں کی تنخواہوں میں اضافہ پر بھی حکومت کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کررہی ہے۔ ملازمین نے تنخواہوں میں فوری اضافہ کے علاوہ دوسرے مطالبات کی یکسوئی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس دو روزہ ہڑتال میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تقریباً 5 ہزار بینکوں میں برسرخدمت 80 ہزار ملازمین اور افسرحصہ رہے ہیں.۔